42
اماموں کے لئے مخصوص کمرے
1 اِس کے بعد ہم دوبارہ بیرونی صحن میں آئے۔ میرا راہنما مجھے رب کے گھر کے شمال میں واقع ایک عمارت کے پاس لے گیا جو رب کے گھر کے پیچھے یعنی مغرب میں واقع عمارت کے مقابل تھی۔
2 یہ عمارت 175 فٹ لمبی اور ساڑھے 87 فٹ چوڑی تھی۔
3 اُس کا رُخ اندرونی صحن کی اُس کھلی جگہ کی طرف تھا جو 35 فٹ چوڑی تھی۔ دوسرا رُخ بیرونی صحن کے پکے فرش کی طرف تھا۔
مکان کی تین منزلیں تھیں۔ دوسری منزل پہلی کی نسبت کم چوڑی اور تیسری دوسری کی نسبت کم چوڑی تھی۔
4 مکان کے شمالی پہلو میں ایک گزرگاہ تھی جو ایک سرے سے دوسرے سرے تک لے جاتی تھی۔ اُس کی لمبائی 175 فٹ اور چوڑائی ساڑھے 17 فٹ تھی۔ کمروں کے دروازے سب شمال کی طرف کھلتے تھے۔
5-6 دوسری منزل کے کمرے پہلی منزل کی نسبت کم چوڑے تھے تاکہ اُن کے سامنے ٹیرس ہو۔ اِسی طرح تیسری منزل کے کمرے دوسری کی نسبت کم چوڑے تھے۔ اِس عمارت میں صحن کی دوسری عمارتوں کی طرح ستون نہیں تھے۔
7 کمروں کے سامنے ایک بیرونی دیوار تھی جو اُنہیں بیرونی صحن سے الگ کرتی تھی۔ اُس کی لمبائی ساڑھے 87 فٹ تھی،
8 کیونکہ بیرونی صحن کی طرف کمروں کی مل ملا کر لمبائی ساڑھے 87 فٹ تھی اگرچہ پوری دیوار کی لمبائی 175 فٹ تھی۔
9 بیرونی صحن سے اِس عمارت میں داخل ہونے کے لئے مشرق کی طرف سے آنا پڑتا تھا۔ وہاں ایک دروازہ تھا۔
10 رب کے گھر کے جنوب میں اُس جیسی ایک اَور عمارت تھی جو رب کے گھر کے پیچھے والی یعنی مغربی عمارت کے مقابل تھی۔
11 اُس کے کمروں کے سامنے بھی مذکورہ شمالی عمارت جیسی گزرگاہ تھی۔ اُس کی لمبائی اور چوڑائی، ڈیزائن اور دروازے، غرض سب کچھ شمالی مکان کی مانند تھا۔
12 کمروں کے دروازے جنوب کی طرف تھے، اور اُن کے سامنے بھی ایک حفاظتی دیوار تھی۔ بیرونی صحن سے اِس عمارت میں داخل ہونے کے لئے مشرق سے آنا پڑتا تھا۔ اُس کا دروازہ بھی گزرگاہ کے شروع میں تھا۔
13 اُس آدمی نے مجھ سے کہا، ”یہ دونوں عمارتیں مُقدّس ہیں۔ جو امام رب کے حضور آتے ہیں وہ اِن ہی میں مُقدّس ترین قربانیاں کھاتے ہیں۔ چونکہ یہ کمرے مُقدّس ہیں اِس لئے امام اِن میں مُقدّس ترین قربانیاں رکھیں گے، خواہ غلہ، گناہ یا قصور کی قربانیاں کیوں نہ ہوں۔
14 جو امام مقدِس سے نکل کر بیرونی صحن میں جانا چاہیں اُنہیں اِن کمروں میں وہ مُقدّس لباس اُتار کر چھوڑنا ہے جو اُنہوں نے رب کی خدمت کرتے وقت پہنے ہوئے تھے۔ لازم ہے کہ وہ پہلے اپنے کپڑے بدلیں، پھر ہی وہاں جائیں جہاں باقی لوگ جمع ہوتے ہیں۔“
باہر سے رب کے گھر کی چاردیواری کی پیمائش
15 رب کے گھر کے احاطے میں سب کچھ ناپنے کے بعد میرا راہنما مجھے مشرقی دروازے سے باہر لے گیا اور باہر سے چاردیواری کی پیمائش کرنے لگا۔
16-20 فیتے سے پہلے مشرقی دیوار ناپی، پھر شمالی، جنوبی اور مغربی دیوار۔ ہر دیوار کی لمبائی 875 فٹ تھی۔ اِس چاردیواری کا مقصد یہ تھا کہ جو کچھ مُقدّس ہے وہ اُس سے الگ کیا جائے جو مُقدّس نہیں ہے۔