13
آخِری نصیحت
یہ تیسری بار ہے کہ مَیں تمہارے پاس آ رہا ہُوں۔ ”جِس بات کی دو یا تین گواہ اَپنی زبان سے شہادت دیں گے وہ سچ ثابت ہوگی۔“* جَب مَیں پچھلی بار تمہارے پاس تھا تو مَیں نے تاکید کر دی تھی۔ اَور اَب دُوسری بار بھی غَیر مَوجُودگی میں: گُناہ میں زندگی گُزارنے والوں بَلکہ دیگر لوگوں کو تاکید کرتا ہُوں کہ اگر پھر آؤں گا تو دَرگُذر نہیں کروں گا۔ کیونکہ تُم اِس بات کا ثبوت طلب کرتے ہو کہ المسیح مُجھ میں ہوکر کلام کرتا ہے۔ اَور وہ تمہارے واسطے کمزور نہیں، بَلکہ تُم میں زورآور ہے۔ ہاں، وہ کمزوری کے سبب سے تو مصلُوب ہُوئے مگر خُدا کی قُدرت کے سبب سے زندہ ہیں۔ اَور ہم بھی کمزوری میں تو اُن کے شریک ہیں، لیکن خُدا کی قُدرت سے اُن کی زندگی میں بھی شریک ہوں گے تاکہ تمہاری خدمت کر سکیں۔
اَپنے آپ کو جانچتے رہو کہ تمہارا ایمان مضبُوط ہے یا نہیں؛ خُود کو آزماتے رہو۔ کیا تُم اَپنے بارے میں یہ نہیں جانتے کہ المسیح یِسوعؔ تُم میں زندہ ہیں؟ اگر نہیں تو تُم اِس آزمائش میں ناکام ہویٔے، لیکن مُجھے اُمّید ہے کہ تُم مَعلُوم کر لوگے کہ ہم ناکام نہیں۔ ہم خُدا سے دعا کرتے ہیں کہ تُم کبھی بدی نہ کرو، اِس لیٔے نہیں کہ ہم کامیاب مَعلُوم ہوں بَلکہ اِس لیٔے کہ تُم بھلائی کرو خواہ ہم ناکام ہی دِکھائی دیں۔ کیونکہ ہم حق کے برخلاف کچھ نہیں کر سکتے، بَلکہ اُس کی تائید ہی کر سکتے ہیں۔ اگر تُم سچ مُچ زورآور ہو تو ہم اَپنے کمزور ہونے پر بھی خُوش ہیں؛ اَور یہ دعا بھی کرتے ہیں تُم خُوب کامل ہوتے چلے جاؤ۔ 10 اِس لیٔے میں تمہارا غَیر مَوجُودگی میں یہ باتیں خط میں لِکھ رہا ہُوں، تاکہ جَب وہاں تمہارے پاس پہُنچوں تو مُجھے تمہارے ساتھ سختی سے پیش نہ آنا پڑے اَور مَیں خُداوؔند کے دئیے ہویٔے اِختیار کو تمہارے بگاڑنے کے لیٔے نہیں، بَلکہ بنانے کے لیٔے کام میں لاؤں۔
 
سلام و مُبارکبادی
11 اَب آخِر میں یہ لِکھتا ہُوں کہ بھائیو اَور بہنوں، خُوش رہو، کامِل بنو، تسلّی پاؤ، ایک دِل رہو، میل جول رکھو اَور خُدا جو مَحَبّت اَور میل جول کا سرچشمہ ہے تمہارے ساتھ ہوگا۔
 
12 پاک بوسہ کے ساتھ ایک دُوسرے کو سلام کہنا۔
13 سَب خُداوؔند یِسوعؔ کے مُقدّسین تُمہیں سلام کہتے ہیں۔
 
14 خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کا فضل، خُدا کی مَحَبّت اَور پاک رُوح کی رِفاقت، تُم سَب کے ساتھ ہوتی رہے۔
* 13:1 اِست 19‏:15‏