6
سَب کا بھلا چاہنا
اَے بھائیو اَور بہنوں! اگر کویٔی شخص کسی قُصُور میں پکڑا جائے، تو تُم جو پاک رُوح کی ہدایت پر چلتےہو، اَیسے شخص کو نرم مِزاجی کے ساتھ بحال کر دو۔ اَور ساتھ ہی اَپنا بھی خیال رکھو کہ کہیں تُم بھی کسی آزمائش کا شِکار نہ ہو جاؤ۔ ایک دُوسرے کا بوجھ اُٹھانے میں مددگار بنو، اَور یُوں المسیح کی شَریعت کو پُورا کرو۔ اگر کویٔی اَپنے آپ کو کچھ سمجھتا ہے لیکن کچھ بھی نہیں ہے، تو وہ خُود کو دھوکا دیتاہے۔ چنانچہ ہر شخص اَپنے ہی کِردار کا اِمتحان لے۔ تو اُسے کسی دُوسرے سے مُقابلہ کیٔے بغیر خُود ہی پر فخر کرنے کا موقع ملے گا، کیونکہ ہر ایک اَپنے ہی کاموں کا ذمّہ دار ہے۔ بہرحال، کلامِ خُدا کی تعلیم پانے والا اَپنی ساری اَچھّی چیزوں میں اَپنے مُعلّم کو بھی شریک کرے۔
فریب نہ کھاؤ: خُدا ٹھٹھّوں میں نہیں اُڑایا جاتا، کیونکہ آدمی جو کچھ بوتا ہے وُہی کاٹے گا۔ اگر کویٔی اَپنی جِسمانی خواہشوں کا خیال رکھتے ہویٔے بوتا ہے، تو وہ موت کی فصل کاٹے گا؛ اَورجو پاک رُوح کا خیال رکھتے ہویٔے بوتا ہے، وہ اَبدی زندگی کی فصل کاٹے گا۔ ہم نیکی کرنے سے بیزار نہ ہوں کیونکہ اگر مایوس نہیں ہوں گے تو عَین وقت پر فصل کاٹیں گے۔ 10 چنانچہ جہاں تک موقع ملے، ہم سَب کے ساتھ نیکی کریں، خاص طور پر اہلِ ایمان کے ساتھ۔
 
آخِری ہدایت
11 دیکھو! میں اَپنے ہاتھ سے کیسے بڑے بڑے حُروف میں تُمہیں لِکھ رہا ہُوں۔
 
12 جو لوگ جِسمانی نُمود و نمائش کی فکر میں ہیں وہ تُمہیں ختنہ کرانے پر محض اِس لیٔے مجبُور کرتے ہیں، وہ المسیح کی صلیب کے سبب سے خُود ستائے نہ جایٔیں۔ 13 کیونکہ ختنہ کرانے والے خُود بھی شَریعت پر عَمل نہیں کرتے، لیکن تُمہیں ختنہ کرانے پر مجبُور کرتے ہیں تاکہ وہ فخر کر سکیں کہ تُم نے اِس جِسمانی رسم کو قبُول کر لیا ہے۔ 14 خُدا نہ کرے کہ میں کسی چیز پر فخر کروں سِوا اَپنے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کی صلیب کے، جِس کے ذریعہ دُنیا میرے لیٔے مصلُوب ہو گئی ہے اَور مَیں دُنیا کے لیٔے۔ 15 سچ تو یہ ہے کہ ختنہ کرانا یا نہ کرانا اہم نہیں؛ لیکن نئی مخلُوق بَن جانا بڑا اہم ہے۔ 16 اَور جتنے اِس قاعدہ پر چلتے ہیں، اُن سَب کو اَور خُدا کے اِسرائیلؔ کو اِطمینان اَور رحم حاصل ہوتا رہے۔
 
17 مُجھے آخِری بات کہنا ہے، کویٔی مُجھے تکلیف نہ دے کیونکہ مَیں اَپنے بَدن پر یِسوعؔ کے داغ لیٔے پھرتا ہُوں۔
 
18 اَے میرے بھائیو اَور بہنوں! ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کا فضل، تُم سَب کی رُوح کے ساتھ ہوتا رہے۔ آمین۔