زبُور 94
اَے یَاہوِہ، اَے اِنتقام لینے والے خُدا،
اَے خدائے مُنتقِم! جلوہ گِر ہوں۔
اَے جہاں کا اِنصاف کرنے والے اُٹھیں؛
اَور مغروُروں کو بدلہ دیں جِس کے وہ مُستحق ہیں۔
اَے یَاہوِہ، بدکار لوگ کب تک،
کب تک فخر کرتے رہیں گے؟
 
وہ گھمنڈ بھری باتیں کرتے ہیں؛
سَب بد کِردار تکبُّر سے بھرے ہُوئے ہیں۔
اَے یَاہوِہ، وہ آپ کے لوگوں کو کُچل دیتے ہیں؛
اَور آپ کی مِیراث پر ظُلم ڈھاتے ہیں۔
وہ بِیوہ اَور پردیسی کو قتل کرتے ہیں؛
اَور یتیم کو مار ڈالتے ہیں۔
وہ کہتے ہیں: ”یَاہوِہ نہیں دیکھتے؛
یعقوب کے خُدا خیال نہیں کرتے۔“
 
اَے قوم کے نادانوں! غور کرو؛
اَے احمقو! تُمہیں کب عقل آئے گی؟
جِس نے کان بنائے، کیا وہ خُود نہیں سُنتے؟
اَور جِس نے آنکھ بنائی، کیا وہ آپ نہیں دیکھتے؟
10 کیا وہ جو قوموں کو تنبیہ کرتے ہیں، سزا نہ دیں گے؟
اَورجو اِنسانوں کو تعلیم دیتے ہیں، کیا اُن کے پاس علم کی کمی ہے؟
11 یَاہوِہ اِنسانوں کے خیالات جانتے ہیں؛
اُنہیں مَعلُوم ہے کہ وہ باطِل ہیں۔
 
12 اَے یَاہوِہ، مُبارک ہے وہ آدمی جسے آپ تنبیہ کرتے ہیں،
اَور وہ آدمی جسے آپ اَپنی آئین کی تعلیم دیتے ہیں؛
13 آپ اُسے مُصیبت کے دِنوں میں آرام بخشتے ہیں،
جَب کہ بدکاروں کے لیٔے گڑھا کھودا جاتا ہے۔
14 کیونکہ یَاہوِہ اَپنے لوگوں کو ترک نہ کریں گے؛
وہ اَپنی مِیراث کو چھوڑیں گے نہیں۔
15 عدل کی بُنیاد پھر سے راستی پر ڈالی جائے گی،
اَور سَب راست دِل اُن کی پیروی کریں گے۔
 
16 میری خاطِر بدکاروں کے خِلاف کون کھڑا ہوگا؟
اَور بدکرداروں کے خِلاف میری حمایت کون کرےگا؟
17 اگر یَاہوِہ نے میری مدد نہ کی ہوتی،
تو میں بہت جلد عالمِ خاموشی میں جا بسا ہوتا۔
18 جَب مَیں نے کہا، ”میرا پاؤں پھسل رہاہے،“
تَب اَے یَاہوِہ، آپ کی لافانی مَحَبّت نے مُجھے سنبھال لیا۔
19 جَب مَیں بےحد فِکرمند تھا،
تَب آپ کی تسلّی نے میری جان کو راحت بخشی۔*
 
20 کیا جِس تخت پر ظالِم حُکمراں مُسلّط ہو
اَورجو قوانین کی آڑ لے کر بُرائی کا باعث بَن جائے،
آپ سے رابطہ رکھ سَکتا ہے؟
21 وہ صادقوں کے خِلاف اِکٹھّے ہو جاتے ہیں
اَور بے قُصُوروں کو سزائے موت سُناتے ہیں۔
22 لیکن یَاہوِہ میرا قلعہ بَن گئے ہیں،
اَور میرے خُدا میری چٹّان؛ میں جِس میں پناہ لیتا ہُوں۔
23 خُدا اُنہیں اُن کے گُناہوں کا بدلہ دیں گے،
اَور اُن کی بدکاری کے باعث اُنہیں فنا کر ڈالیں گے؛
یَاہوِہ ہمارے خُدا یقیناً اُنہیں تباہ کر ڈالیں گے۔
* زبُور 94:19 2 کُرن 1‏:5‏