12
ایک خاتُون اَور اَژدہا
1 پھر آسمان پر ایک عظیم نِشان دِکھائی دیا: ایک خاتُون آفتاب اوڑھے ہویٔے تھی اَور چاند اُس کے پاؤں کے نیچے تھا اَور بَارہ سِتاروں کا تاج اُس کے سَر پر تھا۔
2 وہ حاملہ تھی اَور دردِزہ میں مُبتلا ہونے کے باعث چِلّا رہی تھی کیونکہ وہ بچّہ کی پیدائش کرنے ہی والی تھی۔
3 پھر آسمان پر ایک اَور نِشان دِکھائی دیا یعنی ایک بڑا سا لال اَژدہا جِس کے سات سَر اَور دس سینگ تھے اَور اُس کے سات سَروں پر سات شاہی تاج تھے۔
4 اُس کی دُم نے آسمان کے ایک تہائی سِتارے کھینچ کر اُنہیں زمین پر پھینک دیا۔ پھر وہ اَژدہا اُس خاتُون کے سامنے جو بچّہ پیدا کرنے والی تھی، جا کھڑا ہُوا، تاکہ جَب وہ بچّہ پیدا ہو، تو اُسے نگل جائے۔
5 اَور اُس نے ایک بیٹے کو پیدا کیا، ”جو لوہے کے عصا سے سَب قوموں پر حُکومت کرےگا۔“ اَور پھر فوراً اُس کے بچّہ کو وہاں سے اُٹھاکر خُدا کے تخت کے پاس پہُنچا دیا گیا۔
6 اَور وہ خاتُون بیابان میں ایک اَیسی جگہ بھاگ گئی جو خُدا نے اُس کے لیٔے تیّار کر رکھی تھی تاکہ وہاں ایک ہزار دو سَوساٹھ دِن تک اُس کی پرورِش کی جائے۔
7 پھر آسمان میں جنگ ہُوئی۔ مِیکاایلؔ اَور اُس کے فرشتے اَژدہا سے جنگ کرنے نکلے، اَژدہا اَور اُس کے فرشتوں نے اُن کا مُقابلہ کیا۔
8 لیکن اَژدہا اَور اُس کے فرشتے جنگ ہار گیٔے اَور اَپنے آسمانی مقام سے بھی نکال دئیے گیٔے تھے۔
9 تَب وہ بڑا اَژدہا یعنی وُہی پُرانا سانپ جو اِبلیس اَور شیطان کہلاتا ہے اَورجو ساری دُنیا کو گُمراہ کرتا ہے، زمین پر پھینک دیا گیا، اَور اُس کے فرشتے بھی اُس کے ساتھ زمین پر پھینک دئیے گیٔے۔
10 پھر مَیں نے آسمان سے ایک بڑی آواز آتی سُنی:
”اَب نَجات، قُدرت
اَور ہمارے خُدا کی بادشاہی،
اَور اُس کے المسیح کا اِختیار ظاہر ہُواہے۔
کیونکہ ہمارے بھائیوں اَور بہنوں پر تہمت لگانے والا،
جو دِن رات خُدا کے حُضُور اُن پر تہمت لگاتا رہتا تھا،
اُسے نیچے پھینک دیا گیا ہے۔
11 وہ برّہ کے خُون
اَور اَپنی گواہی کی بدولت
اُس پر غالب آئے؛
اَور اُنہُوں نے اَپنی جانوں کو عزیز نہ سمجھا
یہاں تک کہ موت بھی گوارا کرلی۔
12 اِس لیٔے اَے آسمانوں،
اَور آسمانی باشِندوں، خُوشی مناؤ!
مگر اَے زمین اَور سمُندر، تُم پر افسوس،
کیونکہ اِبلیس نیچے تمہارے پاس گرا دیا گیا ہے!
وہ قہر سے بھرا ہُواہے،
کیونکہ وہ جانتا ہے کہ اُس کے پاس وقت بہت کم ہے۔“
13 جَب اَژدہا نے دیکھا کہ وہ زمین پر پھینک دیا گیا ہے تو اُس نے اُس خاتُون کا تعاقب کیا جِس نے ایک بیٹے کو پیدا کیا تھا۔
14 لیکن اُس خاتُون کو بڑے عُقاب کے دو پر دئیے گیٔے تاکہ وہ اُس مقام کی طرف پرواز کر جائے جو بیابان میں اُس کے لیٔے تیّار کیا گیا ہے تاکہ وہ وہاں اَژدہا کی دسترس سے بچ کر ساڑھے تین بَرس تک حِفاظت سے رہ سکے۔
15 تَب اَژدہا اَپنے مُنہ سے اُس خاتُون کے پیچھے دریا کی صورت میں پانی اُگلنے لگاتاکہ اُسے اُس دریا میں بہا دے۔
16 مگر زمین نے اُس خاتُون کی مدد کی اَور اَپنا مُنہ کھول کر اُس دریا کو پی لیا جو اَژدہا نے اَپنے مُنہ سے بہائی تھی۔
17 تَب اُس اَژدہا کو اُس خاتُون پر بڑا غُصّہ آیا اَور وہ اُس کی باقی اَولاد سے یعنی اُن سے جو خُدا کے حُکموں پر عَمل کرتے ہیں اَور یِسوعؔ کی گواہی دینے پر قائِم ہیں، جنگ کرنے نکل پڑا۔