22
عدنؔ کی بحالی
1 پھر اُس فرشتہ نے مُجھے آبِ حیات کا ایک دریا دِکھایا، جو بِلّور کی مانند شفّاف تھا، جو خُدا اَور برّہ کے تخت سے نکل کر بہتا تھا۔
2 یہ دریا اُس شہر کی شاہراہ کے وَسط میں بہتا تھا۔ اَور اُس دریا کے دونوں طرف شجرِ حیات تھے۔ اُس میں بَارہ قِسم کے پھل آتے تھے اَور ہر مہینے میں پھل دیتا تھا اَور اُس درخت کے پتّوں سے دُنیا کی سَب قوموں کو شفا ہوتی تھی۔
3 وہاں کویٔی بھی ملعُون چیز پھر کبھی نہ ہوگی۔ خُدا اَور برّہ کا تخت اُس شہر میں ہوگا اَور اُس کے خادِم اُس کی عبادت کریں گے۔
4 اَور وہ اُس کا چہرہ دیکھیں گے اَور اُس کا نام اُن کی پیشانی پر لِکھّا ہوگا۔
5 اَور وہاں پھر کبھی رات نہ ہوگی اَور وہ چراغ اَور سُورج کی رَوشنی کے مُحتاج نہ ہوں گے کیونکہ خُداوؔند خُدا خُود اُنہیں رَوشن کرےگا اَور وہ اَبد تک بادشاہی کرتے رہیں گے۔
حضرت یُوحنّا اَور فرشتہ
6 اُس فرشتہ نے مُجھ سے کہا، ”یہ باتیں حق اَور مُعتبر ہیں۔ اَور خُداوؔند خُدا جو نبیوں کی رُوحوں کو اُبھارنے والا ہے، اَپنے فرشتہ کو اِس غرض سے بھیجا کہ وہ اَپنے بندوں پر وہ باتیں ظاہر کرے جِن کا جلد پُورا ہونا ضروُری ہے۔“
7 ”دیکھ، میں جلد آنے والا ہُوں! مُبارک ہے وہ جو اِس کِتاب کی نبُوّت کی باتوں پر عَمل کرتا ہے۔“
8 میں وُہی یُوحنّا ہُوں جِس نے اِن باتوں کو سُنا اَور دیکھا؛ اَور جَب مَیں یہ باتیں سُن چُکا اَور دیکھ چُکا تو جِس فرشتہ نے مُجھے یہ باتیں دِکھائی، میں اُس کے قدموں پر سَجدہ میں گِر پڑا۔
9 لیکن اُس نے مُجھ سے کہا، ”خبردار، اَیسا مت کر! میں بھی تیرا، اَور تیرے بھایٔی نبیوں اَور اِس کِتاب کی نبُوّت کی باتوں پر عَمل کرنے والوں کا ہم خدمت ہُوں۔ خُدا ہی کو سَجدہ کر!“
10 پھر اُس نے مُجھ سے کہا، ”اِس کِتاب کی نبُوّت کی باتوں کو پوشیدہ نہ رکھ؛ کیونکہ وقت نزدیک ہے۔
11 جو بُرائی کرتا ہے وہ بُرائی ہی کرتا جائے؛ اَورجو نجِس ہے وہ نجِس ہی ہوتا جائے؛ جو راستباز ہے وہ راستبازی ہی کرتا جائے اَورجو پاک ہے وہ پاک ہی ہوتا چلا جائے۔“
مُختصر: دعوت اَور اِنتباہ
12 ”خُداوؔند یِسوعؔ فرماتے ہیں، دیکھ! میں جلد آنے والا ہُوں! اَور ہر ایک کو اُس کے عَمل کے مُطابق دینے کے لیٔے اجر میرے پاس مَوجُود ہے۔
13 میں ہی اَلفا اَور اَومیگا، اوّل اَور آخِر، اِبتدا اَور اِنتہا ہُوں۔
14 ”مُبارک ہیں وہ جنہوں نے اَپنے لباس دھو لیٔے ہیں کیونکہ اُنہیں شجرِ حیات کے پھل کھانے کا حق ملے گا اَور وہ پھاٹکوں سے شہر میں داخل ہو سکیں گے۔
15 لیکن کُتّے، جادُوگر، زناکار، قاتل، بُت پرست اَور جھُوٹ بولنے والے اَور جھُوٹ کو پسند کرنے والے، یہ سَب اُس شہر سے باہر ہی رہ جایٔیں گے۔
16 ”مُجھ یِسوعؔ، نے اَپنا فرشتہ تمہارے پاس اِس لیٔے بھیجا کہ وہ تمام جماعتوں میں اِن باتوں کی تمہارے آگے گواہی دے کہ میں حضرت داویؔد کی اصل اَور نَسل اَور صُبح کا نُورانی ستارہ ہُوں۔“
17 پاک رُوح اَور دُلہن کہتی ہیں، ”آ!“ اَور ہر سُننے والا بھی کہے، ”آ!“ جو پیاسا ہو وہ آئے؛ اَورجو پانے کی تمنّا رکھتا ہے وہ آبِ حیات مُفت حاصل کر لے۔
18 میں یُوحنّا، اِس کِتاب کی نبُوّت کی باتیں سُننے والے ہر شخص کو آگاہ کرتا ہُوں کہ اگر کویٔی اِس کِتاب میں کسی بات کا اِضافہ کرے تو خُدا اِس میں لکھی ہُوئی آفتیں اُس پر نازل کرےگا۔
19 اَور اگر کویٔی اِس نبُوّت کی کِتاب کی باتوں میں سے کچھ نکال دے تو خُدا اِس کِتاب میں مذکور شجرِ حیات اَور شہر مُقدّس میں رہنے کا حق اُس سے چھین لے گا جِس کا بَیان اِس کِتاب میں ہے۔
20 جو اِن سَب باتوں کی تصدیق کرنے والے ہیں، فرماتے ہیں، ”بے شک میں جلد آنے والا ہُوں۔“
آمین۔ اَے خُداوؔند یِسوعؔ، آئیے۔
21 خُداوؔند یِسوعؔ کا فضل خُدا کے مُقدّسین کے ساتھ ہوتا رہے۔ آمین۔