3
سردِیسؔ کی جماعت کو پیغام
1 ”سردِیسؔ کی جماعت کے فرشتہ کو لِکھ:
جِس کے پاس خُدا کی سات رُوحیں یعنی پاک رُوح اَور سات سِتارے ہیں وہ یہ فرماتا ہے۔
مَیں تمہارے کاموں سے واقف ہُوں؛ تُو زندہ تو دِکھائی دیتاہے مگر ہے مُردہ۔
2 اِس لیٔے بیدار ہو جاؤ! اَورجو کچھ باقی بچا ہُواہے اَور ختم ہونے ہی والا ہے اُسے مضبُوطی سے قائِم کر کیونکہ مَیں نے تمہارے کاموں کو اَپنے خُدا کی نظر میں کامِل نہیں پایا ہے۔
3 اِس لیٔے جو تعلیم تُم نے پائی اَور سُنی تھی اُس پر قائِم رہ اَور تَوبہ کر۔ لیکن اگر تُو بیدار نہ ہُوا تو میں چور کی مانند اَچانک آ جاؤں گا اَور تُجھے خبر بھی نہ ہوگی کہ میں کِس گھڑی تمہارے پاس آ جاؤں گا۔
4 البتّہ سردِیسؔ میں تمہارے جماعت میں بعض لوگ اَیسے ہیں جنہوں نے اَپنے لباس آلُودہ نہیں کیٔے ہیں۔ وہ سفید لباس پہنے ہویٔے میرے ساتھ سیر کریں گے کیونکہ وہ اِس عزّت کے لائق ہیں۔
5 جو غالب آئے اُسے اِسی طرح سفید لباس پہنائی جائے گی اَور مَیں اُس کا نام کِتابِ حیات سے ہرگز خارج نہ کروں گا بَلکہ اَپنے باپ اَور اُس کے فرشتوں کے سامنے اُس کے نام کا اقرار کروں گا۔
6 جِس کے کان ہوں وہ سُنے کہ پاک رُوح جماعتوں سے کیا فرماتا ہے۔
فِلدِلفیہؔ کی جماعت کو پیغام
7 ”فِلدِلفیہؔ کی جماعت کے فرشتہ کو لِکھ:
جو قُدُّوس اَور برحق ہے اَور جِس کے پاس حضرت داویؔد کی کُنجی ہے، اَور جِس کے کھولے ہُوئے کو کویٔی بند نہیں کر سَکتا اَور بند کیٔے ہُوئے کو کویٔی کھول نہیں سَکتا۔ وہ یہ فرماتا ہے۔
8 میں تمہارے کاموں سے واقف ہُوں۔ دیکھ! مَیں نے تمہارے سامنے ایک دروازہ کھول رکھا ہے جسے کویٔی بند نہیں کر سَکتا۔ مُجھے مَعلُوم ہے کہ تیری طاقت کم ہے پھر بھی تُونے میرے کلام پر عَمل کیا اَور میرے نام کا اِنکار نہیں کیا۔
9 دیکھ، میں شیطان کے اُن جماعت والوں کو تیرے قابُو میں کر دُوں گا، جو اَپنے آپ کو یہُودی کہتے ہیں مگر ہیں نہیں بَلکہ جھُوٹے ہیں، دیکھ، میں اَیسا کروں گا کہ وہ آکر تمہارے قدموں میں سَجدہ کریں گے اَور وہ تسلیم کریں گے کہ میں تُم سے مَحَبّت رکھتا ہُوں۔
10 کیونکہ تُم نے اُس صبر اَور برداشت کرنے کے حُکم پرجو مَیں نے تُمہیں دیا تھا عَمل کیا ہے، اِس لیٔے میں بھی آزمائش کے اُس وقت تیری حِفاظت کروں گا، جو تمام دُنیا اَور اِس کے باشِندوں پر آنے والا ہے۔
11 میں جلد آ رہا ہُوں۔ جو کچھ تمہارے پاس ہے اُسے مضبُوطی سے تھامے رکھ تاکہ کویٔی تُجھ سے تیرا تاج چھین نہ لے۔
12 جو غالب آئے، میں اُسے اَپنے خُدا کی بیت المُقدّس میں ایک سُتون بناؤں گا۔ وہ پھر وہاں سے کبھی باہر نہ نکلے گا اَور مَیں اُس پر اَپنے خُدا کا نام اَور اَپنے خُدا کے شہر کا نام یعنی نئے یروشلیمؔ کا نام لکُھوں گا جو میرے خُدا کی جانِب سے آسمان سے اُترنے والا ہے اَور مَیں اُس پر اَپنا نیا نام بھی تحریر کروں گا۔
13 جِس کے کان ہوں وہ سُنے کہ پاک رُوح جماعتوں سے کیا فرماتا ہے۔
لَودِیکیہؔ کی جماعت کو پیغام
14 ”اَور لَودِیکیہؔ کی جماعت کے فرشتہ کو لِکھ:
جو آمین اَور قابلِ اِعتماد، برحق گواہ اَور خُدا کی خِلقتؔ کا مَبدا ہے، وہ یہ فرماتا ہے۔
15 میں تمہارے کاموں سے واقف ہُوں کہ تُو نہ تو سرد ہے نہ گَرم۔ کاش کہ تُو یا تو سرد یا گَرم ہوتا۔
16 پس کیونکہ تُو نہ تو سرد ہے نہ گَرم بَلکہ نیم گَرم ہے اِس لیٔے مَیں تُجھے اَپنے مُنہ سے نکال پھینکنے کو ہُوں۔
17 اَور تُو کہتاہے کہ میں دولتمند ہُوں اَور مالدار بَن گیا ہُوں اَور مُجھے کسی چیز کی حاجَت نہیں؛ مگر تُو یہ نہیں جانتا کہ تو حقیقت میں نامراد، بے چارہ، غریب، نابینا اَور ننگا ہے۔
18 اِس لیٔے میں تُمہیں صلاح دیتا ہُوں کہ مُجھ سے آگ میں تپایا ہُوا سونا خرید لے تاکہ دولتمند ہو جائے اَور پہننے کے لیٔے سفید پوشاک خرید کر پہن لو تاکہ تمہارے ننگے پن کی شرمندگی ظاہر نہ ہونے پایٔے اَور اَپنی آنکھوں میں ڈالنے کے لیٔے سُرمہ لے لو تاکہ تُم بینائی پاؤ۔
19 میں جنہیں پیار کرتا ہُوں اُنہیں ڈانٹتا اَور تنبیہ بھی کرتا ہُوں۔ اِس لیٔے پُرجوش ہو اَور تَوبہ کر۔
20 دیکھ! میں دروازہ پر کھڑا کھٹکھٹا رہا ہُوں۔ اگر کویٔی میری آواز سُن کر دروازہ کھولے، تو میں اَندر داخل ہوؤں گا، اَور ہم ایک دُوسرے کے ساتھ کھانا کھایٔیں گے۔
21 جو غالب آئے، میں اُسے اَپنے ساتھ اَپنے تخت پر بیٹھنے کا حق دُوں گا، جِس طرح میں غالب آکر اَپنے باپ کے ساتھ اُس کے تخت پر بیٹھ گیا۔
22 جِس کے کان ہوں وہ سُنے کہ پاک رُوح جماعتوں سے کیا فرماتا ہے۔“