8
ساتویں مُہر اَور بخُوردان
1 جَب برّہ نے ساتویں مُہر کھولی تو آسمان میں تقریباً آدھ گھنٹے تک خاموشی چھائی رہی۔
2 اَور مَیں نے اُن ساتوں فرشتوں کو دیکھا جو خُدا کے حُضُور کھڑے رہتے ہیں۔ اَور اُنہیں سات نرسنگے دئیے گیٔے۔
3 پھر ایک اَور فرشتہ سونے کا بخُوردان لیٔے ہویٔے آیا اَور قُربان گاہ کے پاس کھڑا ہو گیا۔ اُسے بہت سا بخُور دیا گیا تاکہ وہ اُسے سَب مُقدّسین کی دعاؤں کے ساتھ تختِ الٰہی کے سامنے کی سُنہری قُربان گاہ پر نذر کرے۔
4 اَور اُس بخُور کا دُھواں مُقدّسین کی دعاؤں کے ساتھ اُس فرشتہ کے ہاتھ سے نِکلا اَور خُدا کے حُضُور جا پہُنچا۔
5 تَب اُس فرشتہ نے قُربان گاہ سے آگ لے کر اُس بخُوردان میں بھری اَور اُسے زمین پر ڈال دیا جِس سے بجلی کی چمک اَور بادلوں کے گرج کی صدائیں پیدا ہُوئیں اَور زلزلہ آ گیا۔
سات نرسنگوں کا پھُونکا جانا
6 اُس کے بعد وہ ساتوں فرشتے جِن کے پاس وہ سات نرسنگے تھے، ساتوں کو پھُونکنے کے لیٔے تیّار ہویٔے۔
7 جَب پہلے فرشتہ نے اَپنا نرسنگا پھُونکا تو خُون ملے ہویٔے اولے اَور آگ پیدا ہُوئی جو زمین پر ڈال دی گئی جِس سے ایک تہائی زمین، اَور ایک تہائی درخت اَور ساری ہری گھاس جَل گئی۔
8 جَب دُوسرے فرشتہ نے اَپنا نرسنگا پھُونکا تو ایک بڑا سا پہاڑ جو آگ سے جَل رہاتھا سمُندر میں ڈالا گیا جِس سے ایک تہائی سمُندر خُون میں تبدیل ہو گیا
9 اَور سمُندر کے ایک تہائی جاندار مَر گیٔے اَور ایک تہائی جہاز تباہ ہو گیٔے۔
10 جَب تیسرے فرشتے نے اَپنا نرسنگا پھُونکا تو مشعل کی طرح جلتا ہُوا ایک بڑا سا ستارہ آسمان سے ٹوٹ کر ایک تہائی دریاؤں اَور پانی کے چشموں پر گرا۔
11 اُس ستارہ کا نام ناگ دُونا یعنی کڑواہٹ ہے۔ اُس سے ایک تہائی پانی کڑوا اَور زہریلا ہو گیا اَور بہت سے لوگ اُس زہریلے پانی کے باعث مَر گیٔے۔
12 جَب چوتھے فرشتہ نے اَپنا نرسنگا پھُونکا تو ایک تہائی سُورج، ایک تہائی چاند اَور ایک تہائی سِتاروں کو ضرر پہُنچا یہاں تک کہ اُن کا ایک تہائی حِصّہ تاریک ہو گیا اَور اِسی طرح دِن کا ایک تہائی اَور رات کا ایک تہائی حِصّہ تاریکی میں ڈُوب گیا۔
13 جَب مَیں نے پھر نگاہ کی تو ایک بڑا سا عُقاب آسمان کے فِضا میں اُڑتا دیکھا اَور اُسے بُلند آواز سے یہ کہتے سُنا، ”اُن تین فرشتوں کے نرسنگے کی آواز کے باعث جِن کا پھُونکنا ابھی باقی ہے، اہلِ زمین پر افسوس، افسوس، افسوس!“