2
دوبارہ درخواست کرنا
پس اَے میرے فرزند! تُم اُس فضل سے جو المسیح یِسوعؔ میں ہے، مضبُوط بَن جا۔ اَورجو باتیں تُونے بہت سے گواہوں کی مَوجُودگی میں مُجھ سے سُنی ہیں، اُنہیں اَیسے وفادار لوگوں کے سُپرد کرجو دُوسروں کو بھی سِکھانے کے قابل ہوں۔ المسیح یِسوعؔ کے اَچھّے سپاہی کی طرح میرے ساتھ دُکھ اُٹھا۔ کویٔی بھی سپاہی میدانِ جنگ میں خُود کو روزمرّہ کے مُعاملوں میں نہیں پھنساتا کیونکہ وہ ایک فَوجی کے ناطہ اَپنے بھرتی کرنے والے کو خُوش کرنا چاہتاہے۔ اُسی طرح دنگل میں مُقابلہ کرنے والا اگر کویٔی پہلوان مُقرّرہ قاعدوں کے مُطابق مُقابلہ نہیں کرتا تو وہ فتح کا سِہرا نہیں پاتا۔ جو کِسان سخت محنت کرتا ہے، پہلے اُسی کو پیداوار کا حِصّہ مِلنا چاہئے۔ جو میں کہتا ہُوں اُس پر غور کر، کیونکہ خُداوؔند تُجھے اِن سَب باتوں کی سمجھ عطا کرےگا۔
یِسوعؔ المسیح کو یاد رکھ جو مُردوں میں سے جی اُٹھے، جو حضرت داویؔد کی نَسل سے ہیں۔ میں اِسی خُوشخبری کی مُنادی کرتا ہُوں، اِسی خُوشخبری کے لیٔے میں مُجرم کی طرح دُکھ اُٹھاتا اَور زنجیروں سے جکڑا ہُوا ہُوں۔ لیکن خُدا کا کلام قَید نہیں ہے۔ 10 چنانچہ مَیں خُدا کے مُنتخب لوگوں کی خاطِر، سَب کُچھ برداشت کرتا ہُوں تاکہ وہ بھی اُس نَجات کو جو المسیح یِسوعؔ کے ذریعہ ملتی ہے اَبدی جلال کے ساتھ حاصل کریں۔
11 یہ بات قابلِ اِعتماد ہے کہ
اگر ہم اُس کے ساتھ مَر گیٔے،
تو اُس کے ساتھ زندہ بھی ہوں گے؛
12 اگر ہم صبر سے برداشت کرتے رہیں گے تو،
اُس کے ساتھ ہم حُکومت بھی کریں گے۔
اگر ہم اُس کا اِنکار کریں گے تو،
وہ بھی ہمارا اِنکار کرےگا۔
13 اگر ہم بےوفا نکلے،
تو بھی وہ وفادار رہے گا،
کیونکہ وہ خُود اَپنا اِنکار نہیں کر سَکتا۔
جھُوٹے اُستادوں سے نِمٹنا
14 یہ باتیں خُدا کے مُقدّسین کو یاد دِلاتا رہ۔ اَور خُداوؔند کو حاضِر جان کر اُنہیں تاکید کر کہ وہ لَفظی تکرار نہ کریں کیونکہ اِس سے کچھ حاصل نہیں ہوتا بَلکہ سُننے والے برباد ہو جاتے ہیں۔ 15 خُود کو خُدا کے سامنے مقبُول اَور اَیسے کام کرنے والے کی طرح پیش کرنے کی کوشش کر جسے شرمندہ نہ ہونا پڑے، اَورجو حق کے کلام کو دُرستی سے کام میں لاتا ہو۔ 16 لیکن بےہوُدہ بکواس سے پرہیز کر، کیونکہ جو لوگ اِس میں شامل ہوتے ہیں وہ اَور بھی زِیادہ بے دینی میں ترقّی کریں گے۔ 17 اَور اُن کی تعلیم سرطان* کی طرح پھیل جایٔےگی۔ ہِمنِیُسؔ اَور فِلیتُسؔ اُن ہی میں سے ہیں۔ 18 جو یہ کہتے ہیں کہ قیامت آ چُکی ہے اَور یُوں وہ خُود حق سے گُمراہ ہوکر بعض لوگوں کا ایمان بِگاڑ رہے ہیں۔ 19 تو بھی خُدا کی مضبُوط بُنیاد قائِم رہتی ہے اَور اُس پر اِن الفاظ کی مُہر لگی ہُوئی ہے: ”خُداوؔند اَپنوں کو پہچانتے ہیں،“ اَور ”جو کویٔی خُداوؔند کا نام لیتا ہے وہ ناراستی سے بعض رہے۔“
20 ایک دولتمند گھرانے میں نہ صِرف سونے چاندی کے برتن ہوتے ہیں، بَلکہ، لکڑی اَور مٹّی کے بھی ہوتے ہیں؛ بعض خاص، خاص مَوقعوں کے لیٔے اَور بعض روزانہ اِستعمال کے لیٔے۔ 21 پس اگر کویٔی اَپنے آپ کو اِن بےہوُدہ باتوں سے پاک صَاف رکھےگا تو وہ مخصُوص برتن بنے گا، اَور اَپنے مالک کے لیٔے مفید اَور ہر نیک کام کے لیٔے تیّار ہوگا۔
22 جَوانی کی بُری خواہشوں سے بھاگ۔ اَورجو لوگ پاک دِل سے خُداوؔند سے دعا کرتے ہیں اُن کے ساتھ مِل کر راستبازی، ایمان، مَحَبّت اَور صُلح کا طالب ہو۔ 23 بےوقُوفی اَور نادانی والی بحثوں سے الگ رہ کیونکہ تُو جانتا ہے کہ اِن سے جھگڑے پیدا ہوتے ہیں۔ 24 اَور خُداوؔند کا خادِم فسادی نہ ہو بَلکہ وہ سَب کے ساتھ نرمی سے پیش آئے، اَور تعلیم دینے کے لائق ہو، اَور نااِنصافی کی حالات میں بھی صبر سے کام لے۔ 25 اَپنے مُخالفوں کو حلیمی سے سمجھائے۔ ممکن ہے کہ خُدا اُنہیں تَوبہ کرنے کی تَوفیق دے اَور وہ حق کو پہچانیں، 26 اَور ہوش میں آئیں اَور شیطان کے پھندے اَور قَید سے چھُوٹ جایٔیں تاکہ شیطان کی نہیں بَلکہ خُدا کی مرضی پُوری کرنے کے لیٔے تابع ہو جایٔیں۔
* 2:17 سرطان یہ پھوڑا جو بہت تیز رفتاری سے بڑھتا ہے